مری سیر و تفریح جانے والوں کیلئے خوشخبری

Murree , Snowfall, Snowstorm , Tourism

راولپنڈی :مری سانحہ کے بعد سیاحوں کیلئے اسے بند کر دیا گیا تھا لیکن اب اسے مکمل طو ر پر سیرو تفریح کیلئے بغیر کسی شرائط کے کھول دیا گیا ہے اب سیاح بغیر کسی پابندی کے مری آ اور جاسکتے ہیں ۔

تحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے ٹویٹر پر ویڈیو  پیغام میں کہا ہے کہ آج مری کو سیاحوں کےلیےپوری طرح کھول دیا گیا ہے ۔سترہ میل ٹول پلازہ پر  مری داخلےپرپابندی کو اٹھا لیا گیا۔ 

صداقت علی عباسی کا کہنا ہے سیاح پوری آزادی سے مری کا سفر کر سکتے ہیں،لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے سیاحوں سے گزارش بھی کی کہ جب بھی سیر وتفریح کی غرض سے مری کا سفر کریں تو اپنی گاڑی میں روٹین کا حفاظتی سامان ضرور رکھیں ،انہوں نے کہا انشااللہ انتظامیہ آپ کا ہر طرح سے تحفظ کرے گی ۔

واضح رہے 7 جنوری کو برفانی طوفان کی وجہ سے 23کے قریب افراد جاں بحق ہو گئے تھے ،ایک اندازے کے مطابق چار چار فٹ تک برف نے پورے مری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔

ملکی تاریخ میں سانحہ مری  جیسا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا تھا ،ملک بھر میں عوام سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی کے لوگ افسردہ تھے، اس سانحے نے کئی سوالات کھڑے کر دئیے تھے کہ آیا کیا کوئی حفاظتی اقدامات پہلے سے وہاں موجود نہ تھے ؟

یاد رہے مری میں برفباری کے بعد ہونے والے حالیہ سانحے کی انکوائری رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی گئی تھی جس کی رو سے واقعے کے ذمہ دار افسران علاقہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی پی او راولپنڈی سمیت 15 دیگر عہدیداروں کو اپنے عہدوں سے ہٹا دیاگیاتھا۔