نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ٹویٹر انتظامیہ کو لکھے خط میں امتیازی سلوک کا شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ برس سے مسلسل کم ہوتے ہوتے نئے فالورز کی تعداد اب صفر ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس رہنما راہول گاندھی نے ٹویٹر انتظامیہ کو شکایتی خط میں لکھا ہے کہ گزشتہ برس اگست سے میرے نئے فالوورز کی تعداد میں اضافہ اچانک بند ہوگیا۔راہول گاندھی نے مزید لکھا کہ بعد ازاں کچھ اضافہ ہونے لگا لیکن اس کے بعد پھر سے ہر ماہ فالوروز کی تعداد کم ہوتے ہوتے اب تقریبا صفر رہ گئی۔
اپوزیشن لیڈر رہول گاندھی کے بقول ٹویٹر انڈیا کے چند قابل اعتماد لوگوں نے بتایا کہ مودی حکومت کی طرف سے میری آواز کو خاموش کرنے کے لیے ان پر دبائو ڈالا جا رہا ہے۔راہول گاندھی نے مزید لکھا کہ پہلے ان کا خیال تھا کہ ٹویٹر پر آزاد اور منصفانہ ٹویٹس کو روکنے میں نادانستہ پیچیدگی کا شکار ہے لیکن معاملہ برعکس نکلا۔
بھارتی اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ بھارت میں آمریت کے فروغ میں حکومت کی مدد نہ کرے۔