کیف:یوکرائن کے صدر ولادی میر زیلنسکی اور امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران یوکرائن اور اسکے گردونواح کے بحرانوں کو بتدریج کم کرنے کی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن کی آزادی ،خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے امریکی تعاون کے شکر گزار ہیں ۔
یوکرائنی صدر کی پریس سروس نے بتایا کہ دونوں رہنما ئوں نے یوکرائن میں امریکہ کی سفارتی موجودگی اور نورماندی میں ہونیوالے حالیہ مذاکرات کے نتائج پر بات چیت کی۔دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے بعد بتا یا گیا کہ زیلنسکی اور بائیڈن نے کیف کیلئے امریکی فوجی مدد اور بحران کے دوران یوکرائن کی مالی مدد بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بات چیت کے دوران زیلنسکی نے یوکرائن کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے مضبوط حمایت اور یوکرائنی بحران کے حل کیلئے امریکی قیادت میں عالمی برادری کو متحرک کرنے پر جوبائیڈن کا شکریہ ادا کیا۔
یوکرائنی صدر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ امریکہ کیف کے ساتھ دفاعی تعاون کو بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کرے گا اور یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا۔