اسلام آباد:پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہ فاروق سواتی کےاغوا ،قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبزادہ نقیب شہزاد نےکرائم سین دھونے کی مرکزی ملزمہ زاہدہ یوسف کی ضمانت مسترد کر دی ،عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ سنگین جرم میں ملوث ہے ضمانت نہیں دی جاسکتی۔
مقتولہ ورثا کی وکیل شبنم نواز نے مئوقف اپنایا کہ ملزمہ نے کرائم سین دھویا، شواہد مٹائے ۔درخواست مسترد کی جائے ۔مقدمہ تھانہ مورگاہ پولیس نے درج کیا تھا، 6 ملزمان جیل بند ہیں۔
اس سے قبل پولیس کا دعویٰ تھا گذشتہ ماہ اسلام آباد کے جڑواں شہر سے لاپتہ ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ فاروق سواتی کو ان کے سابق شوہر نے مبینہ طور پر قتل کیا ہے۔راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا وجیہہ سواتی کے سابق شوہر رضوان حبیب نے امریکی خاتون کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ وجیہہ رضوان کو اسی سال مارچ میں بھی اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ ان کے سابق شوہر اور قتل کا اعتراف کرنے والے رضوان حبیب نے درج کروایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری 47 سالہ وجہیہ فاروق سواتی کو رواں سال اکتوبر میں امریکہ سے پاکستان پہنچتے ہی راولپنڈی سے اغوا کر لیا گیا تھا، جس کا مقدمہ ان کے امریکہ میں مقیم بیٹے نے مورگاہ تھانے میں ایک خاتون وکیل کے ذریعے درج کروایا تھا۔