ممبئی: بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے ایک مداح نے سوال کیا کہ پاکستان آنے کا کوئی چانس ہے۔ جس پر انہوں نے کہا کہ میں کرتارپور صاحب آنا چاہتا ہوں لیکن دیکھیں ایسا کب ممکن ہوتا ہے۔
خیال رہے اس سے قبل کپل شرما نے اپنے مقبول شو کپل شرما شو کو بند کرنے کی وجہ بھی بتائی۔ اس حوالے سے ٹوئٹر پر پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں آج کل گھر پر اپنی بیوی کے ساتھ ہوں تاکہ ہم اپنے دوسرے بچے کا استقبال کر سکیں۔
واضح رہے کہ بھارت کا مقبول عام کپل شرما شو آئندہ ماہ سے بند کر دیا جائے گا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان اس شو کے پروڈیوسر ہیں۔
بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ کپل شرما شو کو بند کرنے کا فیصلہ مالی مشکلات کے باعث کیا گیا ہے تاہم ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے اس ضمن میں کچھ بھی نہیں بتایا گیا۔ کپل شرما شو کو بند کرنے کی بڑی وجہ وبا کے باعث فلموں کا نہ بننا ہے جب کہ شو میں زیادہ تر فلمی شخصیات اپنی فلموں کی پروموشن کے لیے آتی ہیں۔ وبا کی وجہ سے جاری کردہ ایس او پیز ہیں جن پر شو کے دوران عمل درآمد تقریباً نہ ممکن ہے کیونکہ عوام کو شرکت سے روکنا پڑتا ہے جب کہ شو کا وہی بنیادی جز ہیں۔