اسلام آباد: پاکستان نے کہا کہ بھارت دہشت گردی پھیلا کر خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جنویت اور مہم جوئی کا بھر پور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔
ہفتہ وار میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت کوئی اقلیت محفوظ نہیں اور مودی سرکار کی جانب سے کسانوں پر طاقت کا بے دریخ استعمال کیا جا رہا ہے اور بھارتی پنجاب میں اس وقت کسانوں کی تحریک چل رہی ہے۔ اب پوری دنیا کو بھارت میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیوں کا ادارک ہو گیا ہے جبکہ بھارت کا غیر جمہوری اور دہشت گردی کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت خود سے ہی دہشت گردی پھیلا کر الزام پاکستان پر لگا رہا ہے اور بھارتی قیادت انتہا پسند عناصر کو ہوا دے کر الیکشن جیتی ہے اور بھارت خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے جبکہ پاکستان جھوٹ کے بجائے سچ کے ساتھ بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جنونیت اور کسی قسم کی مہم جوئی کا بھر پور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ای یو ڈس انفو لیب کا معاملہ یوروپین پارلیمنٹ میں اٹھایا گیا، یورپی پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث عکاس ہے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، کشمیر میں ایک سال میں ماورائے عدالت 300 کشمیریوں کو قتل کیا گیا، سیکڑوں معصوم کشمیریوں کو بغیر الزام کے قید میں رکھا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ایک روز حق خود ارادیت ملے گا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار داروں میں مضمر ہے، پاکستان عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اسیر کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، اور نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں، نئی امریکی انتظامیہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔