حکومت اپنے وعدوں پر کاربند، کرپشن کے خاتمے کا کہا تھا، وہ کر رہے ہیں: فواد چودھری

The government is committed to its promises, to end corruption, they are doing: Fawad Chaudhry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ یہ بات صحیح نہیں کہ حکومت وعدے پورے نہیں کر رہی، کرپشن ختم کرنے کا کہا تھا، اسے ختم کر رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے نجی ٹیلی وژن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ صوبائی محکموں میں خرابی ضرورہے، ہمیں اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی پر بات کرنا چاہیے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی معاملات صوبے کے پاس ہیں۔ کراچی کی سڑکیں خراب ہیں، یہ معاملہ صوبائی ہے۔ اگلی بار سندھ میں صوبائی حکومت بھی پی ٹی آئی کی ہوگی۔

فواد چودھری نے کہا کہ کوشش ہے کہ الیکٹرک وہیکل پر ڈیوٹی صفر کر دیں۔ اگلے پانچ سالوں میں روایتی گاڑیوں سے الیکٹرک وہیکل پر جائیں گے۔ فور وہیل الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد لا رہے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملٹری سائیڈ پر ڈرونز بنا لیے لیکن سول سائیڈ پر پابندی لگا دی۔ ہمیں باقی کاموں کیلئے بھی ڈرونز استعمال کرنے چاہیے تھے۔ ڈرونز کا سول استعمال آسان ضرور ہے لیکن پیچیدہ بھی ہے۔ ہم نے سول ملٹری انٹرفیس بنایا ہے۔ دو کمپنیوں نے پاکستان میں ڈرونز بنانا شروع کر دیے ہیں۔ بہت جلد ڈرونز اتھارٹی لا رہے ہیں۔ زرعی شعبےمیں ڈرونز کا استعمال کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جتنا پیسا ٹیکنالوجی میں ہے، اتنا روایتی صنعت میں نہیں ہے۔ ڈرونز ٹیکنالوجی کیلئے سافٹ ویئر میں ہم بہت بہتر ہیں، ہارڈ ویئر میں کچھ پیچھے ہیں۔ تھری ڈی پرنٹرز سے متعلق بھی پالیسی لائیں گی۔