اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم فروری سے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو دوبارہ سے کھولنے کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پورے ملک میں نویں سے بارہویں کلاس تک تعلیمی سلسلے کو بحال کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ عالمی وبا کی صورتحال دیکھتے ہوئے باقی تعلیمی سرگرمیاں کھولنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں وبائی مرض کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باقی تعلیمی سرگرمیاں بھی شروع کر دینی چاہیں۔ پرائمری سے مڈل اور تمام کالجز اور جامعات کو یکم فروری 2021ء سے کھول دیا جائے گا۔
ذہن میں رہے کہ ملک میں عالمی وبا کی دوسری لہر کا خطرناک پھیلاؤ دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا تھا تاکہ بچوں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے۔ مسلسل دو ماہ تک بندش کے بعد رواں ماہ 18 جنوری کو نویں سے بارہویں تک تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ اوپن کر دی گئی تھیں۔
این سی او سی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کا لاہور کے بڑے شہروں پشاور، لاہور، حیدر آباد اور کراچی میں فی الحال پچاس فیصد طلبہ کو کلاسوں میں حاضری یقینی بنانے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ ایس او پیز کا مکمل دھیان رکھا جائے گا۔