پی ٹی وی بدعنوانی کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت منظور

05:32 PM, 28 Jan, 2019

اسلام آباد:عدالت عظمیٰ نے پی ٹی وی بدعنوانی کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت منظور کر لی ہے ، عدالت نے ملزم کے وکیل کو کہا ہے کہ وہ پانچ لاکھ کے ضمانتی مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کرائیں۔

تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ نے پی ٹی وی بدعنوانی کیس میں زیر حراست ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کے وکیل کو پانچ لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔

شاہد مسعود کے وکیل شاہ خاور نے ضمانت کی درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے ان کے موکل کے خلاف ایسے کوئی شواہد عدالت میں پیش نہیں کر سکی جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کرکٹ میچز دکھانے کے نشریاتی حقوق دینے کے بارے میں خلاف قانون احکامات جاری کیے تھے۔

عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ سنہ 2015 میں جب یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا تو اس وقت عدالت میں جو پہلا چالان پیش کیا گیا تھا اس میں شاہد مسعود کو ملزم کیوں نہیں گردانا گیا جبکہ انھیں سنہ 2017 میں اس مقدمے میں ملوث کیا گیا تھا۔

تاہم ایف آئی اے کے حکام اس بارے میں عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔ اس پر عدالت نے ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایف آئی اے کے حکام نے اس مقدمے میں پی ٹی وی کے تین اہلکاروں پر یہ نشریاتی حقوق دینے کی ذمہ داری عائد کی تھی۔ ایف آئی اے کے بقول دو ملزمان دو کروڑ سے زائد کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرا چکے ہیں۔
 

مزیدخبریں