میلبورن: آسٹریلین اوپن ٹینس میں سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے کروشین حریف کو ہرا کر چھٹی بار ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
میلبورن میں کھیلے گئے آسٹریلین اوپن ٹینس کے فائنل میں سوئس سٹار نے کروشیا کے میرن چلچ کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا، ان کی کامیابی کا اسکور 2-6، 7-6، 3-6، 6-3 اور 1-6 رہا۔ فیڈرر نے گزشتہ سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں بھی اپنے روایتی حریف رافیل نڈال کوفائنل میں شکست سے دوچار کیا تھا۔
راجر فیڈرر کا یہ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ کا 20 واں ٹائٹل ہے جس کے بعد وہ معروف ٹینس اسٹارز مارگریٹ کورٹ، سرینا ولیمز اور اسٹیفی گراف کے بعد چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے گرینڈ سلم ٹورنامنٹ میں 20 یا اس سے زائد مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔