لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مارچ تک نہیں رہے گی۔ نواز شریف صاحب آپ خالی کرسیوں سے بھی خوفزدہ ہیں اور آپ کا خوف درست ہے کیوں کہ آپ جانے والے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پچھلے چند دنوں سے نواز شریف اور شہباز شریف مجھ پر بہت مہربان ہیں اور ہر جلسے میں مال روڈ لاہور کے جلسے کی ناکامی کا اعلان کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مخالف کا جلسہ ناکام ہوگیا ہو اور کرسیاں خالی رہ گئی ہوں تووہ تو خود مر جائیں گے اور اگر ہمارا جلسہ ناکام ہوگیا تو آپ کو مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے؟ لیکن ان کے دلوں میں ہمارا خوف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف آپ کہتے ہیں آپ کی نااہلی کے بعد ڈرون حملے شروع ہوگئے ہیں، تو کیا ڈرون حملے کرنے والے نواز شریف کے دوست ہیں جو ان کو دوبارہ اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں؟،آپ فرمائش کرکے ڈرون حملے اور سرحد پر کشیدگی بڑھائیں مگر یہ سب ناکام ہوگا۔
علامہ طاہر القادری نے کہا کہ درندگی کے واقعات پر نوٹس لینا قابل تحسین اقدام ہے اور کراچی میں نقیب محسود کے قتل پر نوٹس لیا گیا لیکن لاہورکے راو¿ انواروں پر ہاتھ کب ڈالا جائے گا؟۔ پنجاب میں درجنوں راو¿ انوار موجود ہیں اور ان میں سے کوئی معطل نہیں ہوا بلکہ وہ سب محفوظ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ زینب قتل کیس کے ملزم عمران کی گرفتاری کے بعد بھی ایک 5 سال کا بچہ اغوا ہوگیا ہے اور اگر کوئی گینگ نہیں ہے تو بچہ کس طرح اغوا ہوا جس کا پتہ چلانا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی، سیاسی جماعتوں کے حالات کے پیش نظر احتجاج کی حکمت عملی کو محفوظ رکھتے ہیں اور گھنٹوں کے نوٹس پر پاکستان عوامی تحریک لوگوں کا سمندر اکٹھا کرسکتی ہے۔علامہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ سیاسی اور قانونی حکمت عملی پر فوکس کررہے ہیں، اسی لیے جب اور جس وقت ضرورت پڑی احتجاج کریں گے اور 17 جنوری کے احتجاج کیلیے کہا تھا کہ یہ ابتدا ہے کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا۔