اسلام آباد: صارفین کی طرف سے موبائل فون میں 100روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر وفاق میں25.98 روپے جبکہ صوبوں میں 26.59 روپے کے ٹیکس عائد ہیں۔
دستاویز کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ صارفین کی طرف سے 100 روپے کا پری پیڈ کارڈ لوڈ کرنے پر کارڈ کی ویلیو کا 10 فیصد بطور سروس چارجز کٹوتی کی جاتی ہے اوران سروسز چارجز پر بھی 18.5 فیصد کے حساب سے 1.85 روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کٹوتی کی جاتی ہے اور اس کے بعد صارف کے استعمال کیلیے جو بیلنس بچتا ہے اس پر بھی ساڑھے 18فیصد کے حساب سے 11.85 روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کٹوتی کی جاتی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ 100 روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور انکم ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 25.98 روپے کٹوتی کی جاتی ہے۔
اسماعیل شاہ نے بتایا کہ صوبوں میں صارفین کی طرف سے موبائل فون میں 100روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر 26.59روپے کی کٹوتی کی جارہی ہے، صوبوں میں 10 روپے سروس چارجز کی مد میں کٹوتی کی جاتی ہے اور اس سروس چارجز پر 19.5 فیصد سیلز ٹیکس کی مد میں 1.95روپے کی مزید کٹوتی کی جاتی ہے، اس کے علاوہ صارف کیلیے باقی رہ جانیوالے بیلنس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بھی لی جاتی ہے جبکہ19.5 فیصد سیلز ٹیکس کی مد میں 12.36روپے کی کٹوتی کی جاتی ہے، اس طرح صوبوں میں وفاق کے مقابلے میں پری پیڈ کارڈ پر زیادہ ٹیکس کٹوتی کی جا رہی ہے اور صوبوں میں 100 روپے کے کارڈ پر مجموعی طور پر 26.59 روپے کی کٹوتی کی جاتی ہے۔