لاہور: چیف آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جعلی اورغیرمعیاری اسٹنٹس سے متعلق رپورٹ پر ازخود نوٹس لیا تھا۔ اب چیف جسٹس نے جعلی اور غیر معیاری اسٹنٹس کے نوٹس کو بنیادی حقوق کے مقدمہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے معاملہ کی کھلی عدالت میں سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مقدمے کی سماعت یکم فروری کو کرے گا۔ بنچ کے دیگر جج صاحبان میں جسٹس عمرعطا بندیال اور جسٹس مقبول باقر شامل ہیں۔ اسپتالوں میں غیر معیاری اور جعلی اسٹنٹ کی سماعت پورے ملک کی سطح پر ہو گی۔
عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل، چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور صوبائی سیکریٹریز صحت کو بھی نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی ڈرگ ریگولیڑی اتھارٹی کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔