نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے پورے ملک میں گائے ذبح کرنے پر پابندی لگا دینے کی ایک قانونی درخواست مسترد کر دی ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق نئی دہلی میں سپریم کورٹ نے ایک شہری کی جانب سے د ائر مقدمہ خارج کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہاکہ کوئی ریاست چاہے تو گائے ذبح کرنے پر پابندی لگا سکتی ہے۔ اور اگر وہ چاہے تو ایسا نہ کرنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔
سپریم کورٹ اس سلسلے میں ریاستی قوانین میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔ یہ مقدمہ گائے ذبح کرنے کے خلاف سرگرم ایک معروف سیاسی کارکن کی طرف سے دائر کیا گیا ، جس نے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمیٰ کو پورے بھارت میں گائے ذبح کرنے پر پابندی لگا دینا چاہیے۔
اگر عدالت یہ قانونی درخواست منظور کرتے ہوئے پابندی لگا دیتی تو سوا ارب نفوس پر مشتمل اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں گائے کا گوشت کھایا جانا عملاً ممنوع ہو جاتا۔بھارت کے 29 صوبوں میں سے صرف آٹھ ایسے ہیں، جہاں گائے ذبح کرنا، بیف بیچنا اور کھانا قانوناً منع نہیں ہے۔