راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 28 فروری 2025 کو ہونے والی اس کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تمام خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن شروع کر دیا ہے، تاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہیں اور ملک کے ہر کونے میں امن و استحکام یقینی بنایا جائے گا۔