مائیکرو سافٹ کا بڑا فیصلہ: سکائپ سروس مئی 2025 میں ختم کر دی جائے گی

مائیکرو سافٹ کا بڑا فیصلہ: سکائپ سروس مئی 2025 میں ختم کر دی جائے گی

کیلیفورنیا :ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک عہد کا خاتمہ ہونے والا ہے، کیونکہ مائیکرو سافٹ نے اپنی مقبول ویڈیو اور آڈیو کالنگ سروس "سکائپ" کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔


ایکس ڈی اے کی رپورٹ کے مطابق، مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے لیے اسکائپ کے تازہ ترین ورژن میں ایک میسج شامل کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2025 سے یہ سروس ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گی۔

اسکائپ 2003 میں متعارف کرایا گیا تھا اور 2011 میں مائیکرو سافٹ نے اسے خرید لیا تھا۔ تاہم، 2017 میں مائیکرو سافٹ نے "ٹیمز" متعارف کرایا، جو آج کل کاروباری دنیا میں اندرونی رابطوں کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال ہو رہا ہے۔


رپورٹ کے مطابق، جو صارفین اب بھی سکائپ استعمال کر رہے ہیں، انہیں ٹیمز پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا جائے گا۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، لیکن جلد ہی اسکائپ صارفین کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ وہ اپنی کالز اور چیٹس ٹیمز پر جاری رکھیں۔


سکائپ دنیا کی ان اولین سروسز میں شامل تھا، جس نے انٹرنیٹ پر آڈیو اور ویڈیو کالنگ کو مقبول بنایا۔ تاہم، اب ٹیمز، زوم اور دیگر جدید پلیٹ فارمز کے سامنے اس کا دائرہ کار محدود ہو چکا ہے، جس کے باعث مائیکرو سافٹ نے اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔