سعودی عرب میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

سعودی عرب میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد مملکت بھر میں کل، یکم مارچ 2025 بروز ہفتہ، پہلا روزہ رکھا جائے گا۔

سعودی میڈیا کے مطابق، چاند دیکھنے کے لیے مکہ، مدینہ، تبوک، سدیر سمیت دیگر شہروں کی آبزرویٹریز میں اجلاس منعقد ہوئے، جن میں محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین نے شرکت کی۔ سدیر اور تمیر کے علاقوں میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد سعودی سپریم کورٹ نے چاند نظر آنے کی باضابطہ تصدیق کر دی۔

سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کے آغاز پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی عوام اور پوری مسلم امہ کو مبارکباد دی ہے۔

آج عشاء کی نماز کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز تراویح ادا کی جائے گی، جبکہ مملکت بھر کی تمام مساجد میں بھی خصوصی عبادات اور تراویح کا اہتمام کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے سعودی عرب میں مختلف مقامات پر 10 سے زائد آبزرویٹریز میں اجلاس منعقد کیے گئے، جبکہ عوام سے بھی چاند دیکھنے اور شہادتیں فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی سعودی عرب میں عبادات، روزے اور قرآن کریم کی تلاوت کا خصوصی سلسلہ شروع ہو جائے گا، اور دنیا بھر کے مسلمان اس بابرکت مہینے میں رحمت، مغفرت اور برکتیں سمیٹنے کی کوشش کریں گے۔