لاہور میں رمضان کے چاند کا جائزہ لینے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

06:31 PM, 28 Feb, 2025

لاہور: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ لاہور میں آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے چاند کی رویت میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اجلاس ایوان اوقاف میں جاری ہے جس کی صدارت ڈی جی اوقاف خالد محمود کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان کا چاند جمعہ کی صبح 5:45 پر پیدا ہو چکا ہے، لیکن غروبِ آفتاب کے وقت اس کی عمر 14 گھنٹوں سے کم ہوگی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ چاند کی رویت کے لیے اس کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے اور سورج سے اس کا زاویائی فاصلہ 10 ڈگری سے کم نہیں ہونا چاہیے، لیکن آج یہ صرف 5 ڈگری ہے۔

اس کے علاوہ، غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے، جو کہ کوئٹہ اور جیوانی میں 30 منٹ، جبکہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں 29 منٹ ہوگا۔

لاہور میں غروب آفتاب کا وقت 6:00 بجے ہے اور چاند نظر آنے کا متوقع وقت 6:32 منٹ ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں چاند کے نظر آنے کا وقت 6:47 منٹ تک ہو سکتا ہے۔

اجلاس میں رمضان المبارک کے چاند کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، جس کے بعد ملک بھر میں روزہ رکھنے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں