لاہور: نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے دروازے کھولنے کے لیے حکومت پنجاب نے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں میں داخلوں کے لیے سہل آن لائن پورٹل کا آغاز یکم مارچ سے ہو رہا ہے۔
آن لائن رجسٹریشن کے عمل کے تحت تمام درخواستیں وصول کرنے سے لے کر سرٹیفکیٹ کے اجرا تک کے تمام مراحل آن لائن ہوں گے۔ تین سالہ ڈی اے ای کورسز کے لیے رعایتی فیس پر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی، اور اداروں کے نام پر بیک اکاؤنٹ کھلوانے کی شرط میں نرمی کی گئی ہے۔
اس نظام کا مقصد طلبہ کو دفاتر کے چکر لگانے کی پریشانی سے نجات دلانا اور ایک ہی کلک پر تمام ضروری معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت تمام اداروں کو رجسٹریشن کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ جو ادارے اس عمل کی خلاف ورزی کریں گے، ان پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔