پنجاب کابینہ میں 10 نئے وزرا شامل کرنے کا فیصلہ، مشاورت مکمل

05:39 PM, 28 Feb, 2025

لاہور: وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر توسیع کے بعد پنجاب کابینہ میں بھی آئندہ دو ماہ کے دوران توسیع متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، پنجاب کابینہ میں 10 نئے وزرا شامل کیے جائیں گے، جن میں اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی کی سینئر نائب صدر مریم نواز ڈویژنل سطح پر نام شارٹ لسٹ کریں گے۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں بھی توسیع کی گئی، جس کے تحت ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں نئے وزرا نے حلف اٹھایا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی تقریب میں موجود تھے۔

حلف اٹھانے والے وزرا میں حنیف عباسی، معین وٹو، مصطفیٰ کمال، سردار یوسف، اورنگزیب کچھی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج، طارق فضل چوہدری، علی پرویز ملک، شزا فاطمہ، جنید انور، خالد مگسی اور پیر عمران شاہ شامل ہیں۔

بطور وزیرِ مملکت حلف اٹھانے والوں میں بیرسٹر عقیل ملک، ارمغان سبحانی، ملک رشید، کھیئل داس کوہستانی، طلال چودھری، عبدالرحمان کانجو، بلال اظہر کیانی، مختار بھرت، شذرا منصب، عون چودھری اور وجیہہ قمر شامل ہیں۔

مزید برآں، وزیراعظم کے تین مشیروں—محمد علی، سید توقیر شاہ اور پرویز خٹک—نے بھی حلف اٹھایا، جبکہ وزیراعظم کے معاونین خصوصی میں ہارون اختر، حذیفہ رحمان، مبارک زیب اور طلحہ برقی کو مقرر کیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن نے نئے وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونین خصوصی کے نوٹیفکیشنز جاری کر دیے ہیں۔
 

مزیدخبریں