نوشہرہ: دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکہ، مولانا حامد الحق سمیت 7 افراد شہید

نوشہرہ: دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکہ، مولانا حامد الحق سمیت 7 افراد شہید

نوشہرہ:  خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق سمیت 7 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جن میں 6 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں شامل تھیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا، اور ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا۔

ڈی پی او نوشہرہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ دھماکہ خودکش ہو سکتا ہے، اور مولانا حامد الحق کو اس کا ہدف بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے۔

دھماکے میں جانی نقصان کے خدشے کے پیش نظر نوشہرہ اور پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکا اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی نااہلی پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے نجات حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔