1 ماہ میں 84 لاکھ بھارتی واٹس ایپ اکاؤنٹس معطل

1 ماہ میں 84 لاکھ بھارتی واٹس ایپ اکاؤنٹس معطل

ممبئی:  بھارت میں واٹس ایپ کی جانب سے گزشتہ ماہ میں 84 لاکھ بھارتی شہریوں کے اکاؤنٹس معطل کر دیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے جعلی اور فراڈ کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے 8.4 ملین بھارتی اکاؤنٹس کو بند کر دیا۔ واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے یہ کارروائی شکایات کی بنیاد پر کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، اگست 2024 میں واٹس ایپ کو 10,707 شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 93 فیصد پر فوری کارروائی کی گئی۔ شکایات میں زیادہ تر فراڈ اور مشکوک سرگرمیاں شامل تھیں۔

میٹا نے بیان میں کہا کہ اس کارروائی کے تحت بھارت میں 8.45 ملین واٹس ایپ اکاؤنٹس کو معطل کیا گیا ہے۔ یہ معطلی صارفین کی جانب سے مشتبہ سرگرمیوں کی شکایات پر عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد پلیٹ فارم کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

پابندی کی اس کارروائی میں، 1.66 ملین اکاؤنٹس کو فوری طور پر سنگین خلاف ورزیوں کے باعث معطل کیا گیا، جبکہ باقی اکاؤنٹس کو تحقیقات کے دوران مشکوک پایا گیا اور اس کے نتیجے میں بند کیا گیا۔