لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بعض لوگوں کو اعتراضات ہیں جو حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کے تمام منصوبے مکمل ہیں اور ان کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں پنجاب کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات صرف سوشل میڈیا تک محدود تھے اور عملی طور پر کوئی اہم کام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں رشوت کا بازار گرم تھا اور تقرریوں میں پیسہ چلتا تھا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں کسان کارڈ، ایئر ایمبولینس، گرین بسیں اور جدید بی ایچ یوز جیسے عوامی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ایک سال میں 90 سے زائد منصوبے شروع کیے اور عوامی فلاح کے لیے کام کیا۔