اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نئے وفاقی وزراء، وزرائے مملکت اور مشیروں سے ملاقات کی، جس دوران ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی جانب سے کابینہ کے ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے نئے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک سال کے دوران مہنگائی میں کمی، زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور ترسیلات زر میں بہتری لائی ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو معاشی اعشاریوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے محنت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وفاقی وزراء اور کابینہ کے دیگر ارکان کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیں گے۔ کابینہ ارکان نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور وزیراعظم کو حالیہ معاشی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔