لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت پولیس نے تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس میں فواد چودھری کو 9 مئی کے پانچ مقدمات میں قصور وار قرار دے دیا گیا۔
فواد چودھری نے اپنے سینئر وکیل کی غیر حاضری کی بنا پر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل دینے کی ہدایت دی۔ فواد چودھری نے راحت بیکری اور شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
بعد ازاں، انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے موجودہ حکومت کے حوالے سے تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے رمضان المبارک میں سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے وزیر بڑھا دئیے ہیں، جبکہ امریکہ بھی حکومت کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہے۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی اتحاد بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس حکومت کا مقابلہ کیا جا سکے۔