اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر تحریک انصاف کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دے دی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں 9 مئی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ عمران خان کے وکیل حامد خان نے دلائل دیے کہ 9 مئی کے سانحے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں چیف جسٹس اور دو سینئر ججز شامل ہوں، اور سویلین کا ملٹری ٹرائل نہ کیا جائے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ سویلینز کے ملٹری ٹرائل کے معاملے پر پہلے ہی کیس چل رہا ہے اور وہ استدعا اب غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ بعدازاں، عدالت نے تحریک انصاف کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دی اور درخواست پر مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔