لاہور،اسلام آباد: پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بادل برس پڑے، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی کے بالائی علاقوں میں برفباری نے حسین مناظر پیش کیے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، رحیم یار خان اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے، جب کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں جیسے کوئٹہ، سبی اور قلات میں بارش ہوئی، جبکہ مری میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی۔
گلگت اور دیگر بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات سے بند ہو گئی، اور داسو کے قریب پہاڑ سرکنے سے متعدد افراد پھنس گئے۔ لال پڑی کے مقام پر سیلابی ریلا سڑک بہا لے گیا۔ گلیات کی بالائی چوٹیوں پر برفباری ہوئی، جس سے کوزہ گلی میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔ ایبٹ آباد میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آج مزید بارشیں متوقع ہیں۔