لاہور:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم مقابلہ آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا، جس کا فاتح سیمی فائنل میں جگہ بنائے گا۔ افغانستان کے لیے یہ میچ ایونٹ میں آگے بڑھنے کی آخری امید ہے، کیونکہ اگر وہ ہار گئے تو ایونٹ سے باہر ہو جائیں گے۔ اس کے برعکس، آسٹریلیا کو شکست کے باوجود سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع ملے گا، تاہم انہیں انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے میچ کا نتیجہ دیکھنا ہوگا۔
افغانستان 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے پاس 3،3 پوائنٹس ہیں، مگر رن ریٹ کے لحاظ سے جنوبی افریقا کی پوزیشن بہتر ہے۔ افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کا کہنا ہے کہ اگر انگلینڈ کو ہرا سکتے ہیں تو آسٹریلیا کو بھی شکست دے سکتے ہیں۔ دوسری طرف آسٹریلوی کھلاڑی مارنوس لبوشین نے کہا ہے کہ ان کے بیٹر بہترین فارم میں ہیں اور وہ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کریں گے۔