پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کا افتتاحی اجلاس بد نظمی اور دھکم پیل اور ہنگامہ آرائی کے دوران شروع ہو گیا۔
ارکانِ اسمبلی کے اسمبلی ہال میں داخلے کے دوران دھکم پیل ہوئی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسمبلی ہال میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی جس کے باعث اسمبلی میں داخلے کے دوران ارکانِ اسمبلی کو اسمبلی ہال پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پرا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیے، سپیکر مشتاق احمد غنی نو منتخب ارکان سے حلف لیے۔ علی امین گنڈاپور وزیراعلی کی نشست پر بیٹھے ہیں۔
اجلاس کے شروع میں دعا پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عدنان قادری نے پڑھائی۔ سپیکر نے اعلان کیا کہ اراکین اسمبلی تین زبانوں اردو ، پشتو اور انگریزی میں حلف اٹھا سکتے ہیں۔
نو منتخب اراکین نے رجسٹر میں دستخط کرنا شروع کر دیے، چترال سے منتخب رکن اسمبلی ثریا بی بی نے رجسٹر میں سب سے پہلے دستخط کئے۔
اسپیکر مشتاق غنی نے نئے اسپیکر وڈپٹی اسپیکر کے لئے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا۔ اسپیکر مشتاق غنی کا اعلان کیا کہ کے پی اسمبلی کے اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی آج شام پانچ بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے پولنگ جمعرات کو ہوگی۔