اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے پریشان کن خبر ہے کہ وزارت خزانہ نے غیر یقینی سیاسی و معاشی صورتحال اور روپے کی بے قدری کے باعث آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے رواں ماہ کی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق آئندہ مہینوں میں مہنگائی کی شرح 28 سے 30 فیصد ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں غیر یقینی سیاسی اور معاشی صورتحال، روپے کی بے قدری اور توانائی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھ رہی ہے جبکہ اس کے کم ہونے میں وقت لگے گا۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری تک مہنگائی 25.4 فیصد رہی، سود کی ادائیگیوں کے باعث اخراجات بڑھ رہے ہیں البتہ 6 ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے کو 67 فیصد کم کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں حالیہ ہفتوں میں روپے کی قدر میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مارکیٹ ریٹ اور انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ میں فرق کو کم کیا گیا ہے تاہم تاہم ٹیکس وصولیوں میں کمی کے خدشات ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق جولائی سے جنوری تک ترسیلات زر میں 11 فیصد، برآمدات میں 7.4 اور درآمدات میں 20.9 فیصد کمی ہوئی، اس کے علاوہ غیرملکی سرمایہ کاری میں 44.2 فیصد کمی ہوئی۔
آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان ہے، وزارت خزانہ کی رپورٹ
10:44 PM, 28 Feb, 2023