ڈسکوز کیلئے 48 پیسے اور کے الیکٹرک کیلئے بجلی ایک روپے 71 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری

09:24 PM, 28 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز کے صارفین کیلئے 48 پیسے اور کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی ایک روپے 71 پیسے مہنگی کرنے کی اصولی منظوری دیدی ہے تاہم حتمی فیصلہ مزید جانچ پڑتال کے بعد کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ نیپرا نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کراچی کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی 7 روپے 36 پیسے کم کرنے سے متعلق کے الیکٹرک کی درخواست بھی سنی تاہم اس کی ابھی مزید جانچ پڑتال کی جائے گی۔ 
ذرائع کے مطابق سی پی پی اے نے 1 روپے 17 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا تاہم اتھارٹی نے سماعت کے بعد کہا کہ یہ اضافہ 48 پیسے فی یونٹ بنتا ہے جو 99 پیسے تک جا سکتا ہے۔کے الیکٹرک نے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے تحت 2 روپے 70 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست جمع کروائی تھی۔ 
تاہم سماعت میں بتایا گیا کہ اتھارٹی نیپرا کی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق جنوری کے ایف سی اے کی مد میں اضافہ 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ بنتا ہے جس کا اطلاق صرف مارچ کے بلوں میں ہوگا، نیپرا کے مطابق اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہو گا۔ 

مزیدخبریں