اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کر کے سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی ہے جس میں اس ضمن میں 2 تجاویز پیش کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بھیجی گئی تجاویز میں سے پہلی تجویز یہ ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) عائد کیا جائے۔
اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل پر 2 سے 5 فیصد فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دینے کے علاوہ ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 فیصد جی ایس ٹی عائد ہونے کی صورت میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے تک اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ 5 فیصد جی ایس ٹی عائد ہونے کی صورت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافہ ممکن ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے وفاقی حکومت کو ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 سے 15 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز ارسال کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے دوسری تجویز یہ پیش کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھی جائیں اور عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز پر عملدرآمد کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بھیجی گئی تجاویز پر وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، اوگرا نے سمری بھیج دی
07:48 PM, 28 Feb, 2023