اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق از خود نوٹس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو کل سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل 5 رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ سب اپنے اپنے لیڈران کو فون کریں اور ہدایات لیں، حل نکل آئے گا اور بعد ازاں عدالت نے تمام وکلاءکے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ ہم فیصلہ سنانے کیلئے کتنی دیر میں واپس آتے ہیں، اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔
بعد ازاں سیکرٹری ٹو چیف جسٹس آف پاکستان نے بتایا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق از خود نوٹس کا فیصلہ کل دن 11 بجے سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بنچ ٹوٹ گیا تھا، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے علاوہ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی کیس سننے سے معذرت کر لی تھی۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے 23 فروری کو ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا تحریری حکم بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کس کی آئینی ذمہ داری ہے؟ اس نکتے پر ازخود نوٹس لیا۔
پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت مکمل، فیصلہ کل سنایا جائے گا
06:34 PM, 28 Feb, 2023