اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان وزیر آباد میں قاتلانہ حملے کے بعد مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے ہیں اور ان کی ٹانگ کا پلستر اتار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں عدالت پیشی کے موقع پر خود چل کر عدالت آئے اور ان کی ٹانگ پر پلستر بھی نہیں تھا تاہم چلنے کیلئے انہیں سہارے کی ضرورت پڑی۔
عمران خان کو پلستر کے باعث کافی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور چند روز قبل خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چھ ماہ میں لینٹر کھل جاتا ہے مگر عمران خان کا پلستر نہیں اتر رہا جبکہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان عمر رسیدہ ہیں جس کے باعث زخم بھرنے میں وقت لگا اور یہی وجہ ہے کہ ان کی ٹانگ کا پلستر نہیں اتر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے موقع پر عمران خان کیلئے وہیل چیئر کا انتظام بھی کیا گیا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف کے لیڈر سہارے کے ساتھ خود چل کر عدالت میں پیش ہوئے۔