وزیر اعظم عمران خان کے ریلیف پیکج کے بعد بلاول بھٹو زرداری کا پہلا ردعمل 

10:12 PM, 28 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی :وزیر اعظم عمران خان کے عوام کیلئے بڑے ریلیف پیکج کے اعلانات کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کی پہلی کامیابی ہے، بلاول بھٹو کی سربراہی میں  عوامی مارچ نے سلیکٹڈ وزیراعظم کو جھکنے پر مجبور کردیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا عمران خان کی تقریر فیک نیوز کا پلندہ تھا، اپنی سابقہ جھوٹ سے بھری تقاریر کا ہی ریکارڈ توڑ دیا،خان صاحب کی تقریر قوم سے آخری خطاب تھا، کیونکہ وہ بھی سمجھتے ہیں کہ  ان کے اب دن گنے جا چکے ہیں۔

ترجمان بلاول ہائوس کے جاری بیان کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی مارچ کے دبائو کی وجہ سے خان صاحب پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر مجبو ر ہو گئے ہیں ۔

بلاول بھٹو نے کہا پوری تقریر کے دوران خان صاحب کی باڈی لینگوئج  ایک تھکے ہارے کھلاڑی کی تھی، جو اب پویلین لوٹنے کو تیار ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت عوامی مارچ کے بعد عمران خان اب وضاحتیں پیش کرنے پر اتر آئےہیں ،مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے خان صاحب نے آج بھی جھوٹی تسلیاں دیں۔

مزیدخبریں