لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے میڈیا کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملاقات کی ۔ اپوزیشن لیڈر نے اپنی پارٹی کو پیکا ترمیمی آرڈیننس کی منسوخی کے لئے پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کرنےکی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کروائی جائے ۔
تفصیلات کے مطابق پیکا کی منسوخی کیلئےمیڈیا کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے اہم ملاقات کی ،وفد میں نئی بات میڈیا نیٹ ورک کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان ، میاں عامر محمود، محسن نقوی ، شکیل مسعود ، طاہر اے خان، ایمنڈ سے اظہر عباس، ڈائریکٹر نیو نیوز محمد عثمان ، ایاز خان اور میاں طاہر،، سی پی این ای کے کاظم خان، اعجازالحق، ارشاد عارف اور یوسف نظامی جبکہ اے پی این ایس سے سرمد علی ، ناز آفرین سہگل، عمر شامی اور جمیل اظہر شامل تھے،ملاقات کرنے والا وفد پی بی اے، ایمینڈ، اے پی این ایس اور سی پی این ای کی قیادت پر مشتمل تھا۔
شہبازشریف نے میڈیا کی آزادی کی جدوجہد پر کمیٹی کو خراج تحسین کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اقتدار میں آنے کے بعد میڈیا کے خلاف سیاہ، آمرانہ اوراظہار رائے و اطلاعات تک رسائی کی آئینی آزادیوں کے منافی قانون کو منسوخ کردیں گے۔
وفد میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن ، کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائی کے قائدین شامل تھے۔ شہباز شریف نے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پیکا ترمیمی قانون عدالت میں چیلنج کرنے کے فیصلے کی تائید اور حمایت کی۔