اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کہتے ہیں عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو ختم کر کے حقیقی حکومت بنائی جائے گی۔پیپلزپارٹی کالانگ مارچ مہنگائی اوربےروزگاری کے خلاف ہے۔وزیراعظم آج کے خطاب میں بھی وہی پرانی باتیں کریں گے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں نوری آباد پاور پلانٹ میں مبینہ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو مہنگائی اور مسلط کی گئی حکومت کے خلاف مارچ لے کر آ رہے ہیں ۔مارچ سندھ میں ہے سندھ سے ہوتا ہوا پنجاب میں داخل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اس بے حس حکومت کے خلاف ہےپورا پاکستان لانگ مارچ کو ویلکم کر رہا ہے۔عمران خان کی مسلط حکومت کو ختم کر کے حقیقی حکومت بنائی جائے گی۔ اتحادی خود آئے روز حکومت پر الزامات لگاتے ہیں،انھیں چاہئے اب وہ عوام کی آواز پر لبیک کہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے ملک کی آواز ہے کہ سلیکٹڈ حکومت سے چھڑوائی جائے۔منتخب ہو کر نمائندے ایوان میں آئیں گے۔کس نے سندھ کا رخ کیا ہے، پتا چلا ہے کچھ وزرا سندھ میں لوگوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔چند مٹھی بھر لوگ موجودہ حکومت کے وزرا کے ساتھ سندھ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سندھ مارچ میں جتنے وزراسٹیج پر تھے اتنے ہی لوگ نیچے تھے جن سے خطاب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سے خطاب کا پتا لگا۔عوام اب خطاب سن سن کر تھک چکی ہے۔عوام سے خطاب وہی ہو گا نہیں چھوڑوں گا، لیکن اب ان کے حساب کا وقت آ گیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں اپنا حساب دینے کو تیار ہوں شاہ محمود سمیت کسی کا نام نہیں لیتا۔ عوام کو بہت جلد ایک جمہوری حکومت ملے گی۔پورےملک کی آوازہےکہ اس حکومت سے جان چھڑائی جائے۔