لاہور: گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں امید ہے ہمارا امیدوار کامیاب ہوگا، لوگوں نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دینا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ نے ملکی معیشت بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر چودھری سرور نے کہا کہ پنجاب میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی۔ پنجاب میں 11 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ بلا مقابلہ منتخب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پی ٹی آئی کی 6 اور مسلم لیگ (ن) کی 5 سیٹیں بنتی تھیں۔ اگر 6 کی بجائے 7 سیٹوں کی ضد کرتے تو کچھ نہیں ہو سکتا تھا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اب وہ زمانے گئے جب دفاتر میں یا بیک ڈور چیزیں ہو جاتی تھیں۔ میرٹ پہلی ترجیح ہے،یونیورسٹیز کے تمام چانسلرز میرٹ پر منتخب ہوئے۔ کسی بھی یونیورسٹی میں سفارش پر وائس چانسلر کو لگانے سے نقصان طلبہ کا ہوتا ہے۔ اب جو بھی کام ہوگا اس میں صرف میرٹ پر انتخاب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرٹ پر وائس چانسلر لگائے جائیں تو یونیورسٹیز کے معاملات درست ہوتے ہیں۔ جتنے بھی وائس چانسلر لگائے گئے ہیں سب میرٹ پر ہیں۔ ڈگریوں کا حصول آسان بنا دیا گیا ہے۔