عوامی نیشنل پارٹی کے لاپتا رہنما اسد خان کی مسخ شدہ لاش برآمد

The mutilated body of missing Awami National Party leader Asad Khan has been recovered
کیپشن: فائل فوٹو

کوئٹہ: اپوزیشن جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے لاپتا رہنما اسد خان اچکزئی کی لاش کو برآمد کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول کی لاش کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اے این پی کے مقتول رہنما اسد خان گزشتہ سال 25 ستمبر سے لاپتا تھے۔

اسد خان 25 ستمبر 2020ء کے روز چمن میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک جلسہ میں شرکت کے بعد واپس کوئٹہ آ رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے انھیں راستے میں ہی اغوا کر لیا تھا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم کی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے این پی رہنما اسد خان کے قتل کے شبے میں لیویز کے ایک اہلکار کو حراست میں لیا گیا ہے۔

اظہر اکرم نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اسد خان کے قتل میں ملوث ہے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مقتول اسد خان نے مذکورہ ملزم لیویز اہلکار کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی تھی۔ اس اہلکار نے انھیں قتل کرکے لاش گہری کھائی میں پھینک دی تھی جسے اسی کی نشاندہی پر پانچ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد مسخ شدہ حالت میں برآمد کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے مقتول رہنما اسد خان کے قتل کیخلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی قیادت کی ہدایت کی روشنی میں اس بہیمانہ قتل کیخلاف بلوچستان بھر میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اسد خان کے قتل کیخلاف ہفتہ بھر کا سوگ منانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔