لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ انعقاد کا فیصلہ 31 مارچ سے قبل متوقع ہے، بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نہ ہوا تو یو اے ای منتقل کر دیا جائے گا۔
کرکٹ بورڈ کے ایک اہم اجلاس کے بعد بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے احسان مانی نے بتایا کہ اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ، ایڈمنسٹریٹو معاملات اور ایشیا کپ پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ بھارت کو ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے پاکستانی ویزے، ٹیکس استثنا، اور عالمی وبا کے مسائل درپیش ہیں۔ اگر انڈیا میں عالمی کپ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا تو اسے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا جائے گا۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ چھ کرکٹ ایسوسی ایشن بورڈ کے ممبران کا اعلان ہو گیا ہے، بورڈ سب سے پہلے اپنے چیف ایگزیکٹو کا تقرر کریں گے۔ یکم مارچ سے کلب کی رجسٹریشن شروع ہو جائے گی۔
پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ بھارت میں دو اکتوبر سے آئی سی سی ایونٹ ہو رہا ہے۔ بھارت کے ساتھ ویزا اور عالمی وبا کا مسئلہ ہے۔ آئی سی سی سے کہا ہے ہمیں ویزے ملنے کی تحریری تصدیق چاہیے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں، سکواڈ، صحافیوں اور کراؤڈ سمیت سب کو ویزے ملیں۔ کل دوپہر کو آئی سی سی سے دوبارہ ورچوئل میٹنگ ہے، یہ معاملہ دوبارہ اٹھاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے اس سال بھی ایشیا کپ ناممکن ہے، ایشیا کپ2023ء تک ملتوی کرنا پڑے گا۔
میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہےکہ پی سی بی میں ذاتی جھگڑے چل رہے ہیں، اختلافات کی خبریں پتا نہیں کہاں سے آتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کا فائنل ہے۔ سری لنکا نے جون میں میزبانی کا کہا تھا لیکن اب تاریخوں کا کلیش آ رہا ہے۔