تہران:ایران کے سابق سفیر برائے ویٹی کن سٹی اور نامور مذہبی رہنماہادی خسروشاہی کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے ہیں۔ ترک خبررساں ادارے انادولونے ایران کی نیم سرکاری خبرایجنسی تسنیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ اکیاسی سالہ ہادی خسروشاہی کاانتقال ایران کے ایک ہسپتال میں ہوا۔
ہادی سمیت اس وقت ایران میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد26جبکہ رجسٹرڈمریضوں کی تعداد 245ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔ایران کی نائب صدر برائے خواتین اور عائلی امور معصومہ ابتکار بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں اور زیر علاج ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے وہ اس وائرس کی وجہ سے شہروں کے باہم روابط ختم نہیں کریں گے۔اور ہر شخص کو انفرادی حیثیت میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
اگر مجموعی لحاظ سے دیکھا جائے تو اس وقت دنیا بھرمیں 2,800افراد اس وائرس سے متاثرہوکر ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ چین میں ہلاکتوں کی تعداد 2,700ہوگئی ہے، حکام کے مطابق چین میں 78,000افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہیں۔