لاس اینجلس : ہالی ووڈ کے معروف اداکار، ہدایتکار اور اسکرین رائٹر جان کیوسک نے نئی دہلی میں ہونے والے فسادات پر ردعمل دیتے ہوئے مودی کو گجراتی قصائی کہہ دیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جان کیوسک نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خون آلود ہاتھوں کو نمایاں کر کے ایک تصویر شیئر کی۔ ٹوئٹ میں جان کیوسک نے مختصر مگر انتہائی پر اثر کیپشن تحریرکیا۔ جان کیوسک نے گجرات 2002، دہلی 2020 لکھا۔
یاد رہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے مذہبی فسادات 2002 میں ہوئے تھے۔ ان فسادات میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت کے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی 2002 میں ریاست گجرات کے وزیر اعلی تھے اور فسادات کو ہوا دینے میں نریندر مودی بھی ملوث تھے۔
2002 میں مودی نے فسادات کے دوران بلوائیوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے تھے بلکہ گجرات کی پولیس اور انتظامیہ نے آر ایس ایس کے دہشت گردوں کو بھرپور مدد فراہم کی تھی۔18 سال قبل ہونے والے فسادات کا ذکر جان کیوسک نے اپنے ٹوئٹ میں کیا۔
جان کیوسک نے پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ کا دہلی فسادات پر کیا گیا ایک ٹوئٹ بھی شیئر کیا۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں امریکی رکن کانگریس تلسی گیبرڈ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مودی سے فنڈز لیتی ہیں۔
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے مودی کو ہٹلر سے مشابہہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انتہا پسند آپے سے باہر ہو گئے ہیں اور فسادات میں ہلاکتوں کی تعداد 38 تک جاپہنچی ہے۔