حکومت نے ایک مرتبہ پھر موبائل فون سمز کی تصدیق کروانے پر غور شروع کردیا

12:15 PM, 28 Feb, 2020

اسلام آباد :وفاقی حکومت موبائل فون صارفین کی سموں کی دوبارہ تصدیق کرانے پر غور کر رہی ہے جس کی وجہ سائبر کرائم میں 3 گنا اضافہ بتائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسر کی جانب سے خبر رساں ایجنسی کو بتایا گیا کہ امید ہے سموں کی تصدیق کے عمل کو دوبارہ دہرایا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی جانب سے تجویز کی منظوری دے دی گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق 16 کروڑ 40 لاکھ پاکستانی موبائل فون استعمال کرتے ہیں جن میں 7 کروڑ سے زائد تھری جی اور فورجی موبائل شامل ہیں۔ جب اعلیٰ افسر سے دوبارہ تصدیق کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ دیہات کے سادہ لوح افراد کو کچھ پیسوں کے عوض انگوٹھا لگوا کر سم کا غلط استعمال کرتے ہیں جس کے باعث یہ جرائم پیشہ افراد کے لئے بہت آسان طریقہ بن چکا ہے۔ سائبر کرائم شکایت میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، 56 ہزار696 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں