اسلام آباد:وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارتی فوجی سربراہان کی جانب سے پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ آج وہ اپنی قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئے۔
جمعرات کو اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان کی نیوی، ایئر فورس اور بری فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کی جس کے دوران ان کے پاس صحافیوں کو جواب دینے اور مطمئن کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ جب کسی صحافی نے پوچھا کہ ایف 16 کہاں گرایا ہے تو انہوں نے ایک چلے ہوئے میزائل کا ٹکڑا دکھایا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کہتے تھے کہ 350 آدمی ہم نے جبہ، بالا کوٹ میں مارے ہیں تو اس کا کوئی ثبوت دیں تو انہوں نے فرار اختیار کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج انڈیا کے تینوں فوجوں کے سربراہان اپنی قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئے جس سے پاک فوج اور پاکستان کی فضائیہ کا جھنڈا مزید بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ وزیراعظم عمران خان امن کی بات کرتے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ شکریہ ادا کرتے انہوں نے کہا کہ یہ جینیوا قانون ہے اور ہمارے پاس جب پائلٹ آجائے گا تب بات کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہندوستان کی قیادت میڈیا پر نہیں آئی، کسی مودی کی دھمکی یا گیڈر بھپکی نہیں تھی، جمعرات کوانڈین فورسز نے اپنی عوام کے سامنے گری ہوئی امیج کو بہتر کرنے کی ناکام کوشش کی۔اور سب سے بڑا الزام یہ لگایا کہ ایف 16 دکھائے گئے اور 35 مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔
آپ نے جو دہشتگرد مارے ہیں وہاں جبہ میں، بالاکوٹ میں تو اس کا کوئی ثبوت تو دیں کوئی فوٹو تو وہ بالکل بھاگ گئے۔ کہتے ہیں ہم بالکل یہ نہیں کہہ سکتے کہ کتنے بندے مرے ہیں کتنے نہیں لیکن ہم نے حملہ کیا۔