پاک-بھارت کشیدگی، سعودی عرب کے وزیر خارجہ آج پاکستان آئیں گے، شاہ محمود

02:49 PM, 28 Feb, 2019

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج سعودی وزیر خارجہ ولی عہد کا اہم پیغام لے کر پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور کابینہ نے بہترین خارجہ پالیسی اپنانے اور کشیدہ صورتحال میں بہترین سفارتکاری پر وزارت خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہم امن و امان کے داعی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ رات ان کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی اور سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا جسے ہم نے خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ عادل الجبیر آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اہم پیغام لے کر پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں جبکہ مجھے خوشی ہے کہ صدر ٹرمپ نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے مداخلت کا فیصلہ کیا ہے اور امریکا کی مداخلت خطے میں امن و امان کے لئے مددگارثابت ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں