اسلام آباد: ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کی جانب سے پلوامہ حملوں سے متعلق ڈوزئیر موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈوزئیر کا مشاہدہ کیا جائے گا اور اس میں موجود قانونی شواہد کا جائزہ لیا جائے گا۔ اگر ٹھوس اور قابل عمل ثبوت ہوئے تو پاکستان کارروائی کرے گا جبکہ وزیر اعظم عمران خان اس حوالے سے پہلے ہی واضح اعلان کرچکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہے تاہم اس میں دہشتگردی کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی بات ہونی چاہیے اور بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔
انہوں نے کہا ہم پر جب جنگ مسلط کی گئی تو ہم نے جواب دیا اور ہم نے پہلے بھی بھارت سے کہا ہے کہ آپ نہ صرف اپنے لیے بلکہ خطہ کے لیے بھی تباہی کے راستہ پر ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بریفنگ کے دوران بتایا موجودہ صورت حال پر اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور اب بی جے پی کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ 22 سیٹوں کے لیے خطے کو جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے۔