واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے امید ہے پاک بھارت کشیدگی کم ہو گی اور حالات کو نارمل کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ دونوں طرف سے اچھی خبروں کی امید ہے جبکہ پاک بھارت صورتحال دیکھ رہے ہیں اور خطے میں جلد امن قائم ہوگا۔
اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ سے بیان میں دونوں ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے براہ راست بات چیت کریں۔ امریکا نے پاکستان اور بھارت کو کراس بارڈر کوئی بھی فوجی کارروائی نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب مزید کوئی ایکشن صورتحال کو بدترین بنا دیگا۔
ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور بھارت میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کو ثالثی کی پیشکش کی۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ آج صبح وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جب کہ بھارت سے بھی مختلف سطح پر رابطے کیے ہیں۔