پاک فوج کی کارروائی پر خوش ہوں ، بھارت کو اب بھی ہوش کے ناخن لینا چاہئے:نواز شریف

12:30 PM, 28 Feb, 2019

لاہور:سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی کارروائی پر خوش ہوں جبکہ بھارت کو اب بھی ہوش کے ناخن لینا چاہئے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ن لیگی رہنماﺅں کی ملاقات کی اندورنی کہانی سامنے آگئی ہے۔

لیگی رہنماؤں نے نوازشریف کوبھارتی جارحیت اور پاک فوج کے کامیاب جواب پر بریفنگ دی۔اس موقع پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی پر ٹیلی ویژن اور اخبار میں تفصیلات دیکھ اور پڑھ رہاہوں، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ،مجھے خوشی ہے پاک فوج کی کیپسٹی بڑھانے میں کردار ادا کیا۔

لیگی رہنماؤں نےایف تھنڈر 17 کے حوالے سے نوازشریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا جبکہ امیر مقام اور طلال چودھری نے نواز شریف کو کہا کہ آپ نے قوم کو ایٹمی طاقت بنایا،آپ نے قوم کو جے ایف تھنڈر کا معاہدہ کیا اور مینوفیکچرنگ ملک میں کرائی۔نواز شریف کو لیگی رہنماؤں کی جانب سے پارلیمنٹ کوان کیمرہ بریفنگ پر آگاہ کیا گیا۔نواز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو میرا سلام ۔

طلال چودھری نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھے جبکہ حکومت فوجی کا میابی کو سفارتی محاذ پر اجاگر کرنے میں ناکام رہا۔نواز شریف نے حکومت کو مشورہ دیا کہ حکومت سفارتی محاز کو تنہا نہ چھوڑے جبکہ سیاسی جماعتیں اور پوری قوم پاک فوج کیساتھ ہے ، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کےلئے کام کیا جبکہ قوم کو ایٹمی طاقت بنانے پر فخر ہے ۔

مزیدخبریں