جون میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ڈال دیا جائے گا،ترجمان دفتر خارجہ

05:31 PM, 28 Feb, 2018

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دہشتگردوں کے معاون ممالک سے متعلق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں پاکستان کا نام آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون میں اس لسٹ میں پاکستان کا نام ڈال دیا جائے گا، تاہم بلیک لسٹ میں آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کو منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے کہا گیا اور حکومت نے ان معاملات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور اس حوالے سے آرڈیننس بھی جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف سے ہر ممکن تعاون کرے گا اور اس حوالے سے ایکشن پلان بنا رہے ہیں جو اس ادارے سے شیئر کیا جائے گا۔انہوں نے ایف اے ٹی ایف کے تمام معاملات کو حساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے معاملات وزارت خزانہ انجام دے گی۔
بریفنگ دوران ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش ہے جبکہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات جنگی دماغ کا اظہار کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کے جنگی جنون پر پاکستان صبر کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

مزیدخبریں