چوہدری نثار پارٹی قیادت سے ناراض لگ رہے ہیں: رانا ثناءاللہ

12:14 AM, 28 Feb, 2018

لاہور: صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر خارجہ چوہدری نثار پارٹی قیادت سے ناراض ہیں، لیکن وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان کو راضی کرلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے اعتراف کیا کہ چوہدری نثار پارٹی سے ناراض ہیں۔ اسلیے وہ اکثر پارٹی اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار پارٹی کے ساتھ تھے اور ہیں۔

رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ لوگوں نے نواز شریف کے بیانیے کو قبول کرلیا ہے شہباز شریف نے کبھی اپنے قائد کے بیانیے سے انحراف نہیں کیا، پارٹی کے اجلاسوں میں شہباز شریف نواز شریف کے بیانیے پر بولتے ہیں، وزیراعلیٰ سمیت پوری پارٹی نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ آج مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شہباز شریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر بنایا گیا اس موقع پر چوہدری نثار اجلاس میں موجود نہیں تھے۔ ان کی غیر حاضری کے پر میڈیا میں کافی باتیں ہوئیں۔

لوگوں کی اس غلط فہمی کو دور کرنے کیلئے مریم نواز میدان میں آئیں اور کہا کہ چوہدری نثار اور نواز شریف میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔

مزیدخبریں